رضا ربانی کی اسٹیل ملز کے 9 ہزار 300 ملازمین کی برطرفی کی مذمت

June 04, 2020

رضا ربانی کی اسٹیل ملز کے 9 ہزار 300 ملازمین کی برطرفی کی مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اسٹیل ملز کے 9 ہزار 300 ملازمین کو برطرف کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت ای سی سی یا وفاقی کابینہ یہ فیصلے کرنے کا مناسب فورم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت پاکستان اسٹیل ملز مشترکہ مفادات کونسل کی زیرِ نگرانی ہے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل، فیڈرل لیجسلیٹو لسٹ دوم کے تحت امور سے متعلق پالیسی مرتب کرے گی۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ آئین کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں زیر غور آنا چاہیے تھا۔

رضا ربانی نے مزید کہا کہ اسٹیل ملز کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوایا ہی نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز سے متعلق کسی اور فورم پر کیا گیا فیصلہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔