ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان دیا جائے،الطاف شاہد

June 05, 2020

برمنگھم( پ ر )پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ اناکے اسیر حکمران یادرکھیں انتقامی سیاست سے انتظامی صلاحیت متاثرہوتی ہے۔اگرحکومت نے انتقام کی روش نہ چھوڑی تو عدم استحکام اس کا مقدر بن جائے گی۔پاکستان میں کورونا نے قہرمچادیا مگر حکمران ہنوزسنجیدہ نہیں،وہ خودکچھ کرنے کی بجائے شاید کسی معجزے کے منتظر ہیں۔وفاق سمیت ہرصوبائی حکومت نے کورونا وبا کیخلاف ہراول دستہ کاکرداراداکرنے والے ڈاکٹرز کوان کے حال پرچھوڑدیا۔چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ کوروناوباکامقابلہ کرتے ہوئے متعدد سینئر ڈاکٹرز کی اموات درحقیقت حکومت کی طرف سے انہیں فراہم کی جانے والی غیرمعیاری سہولیات کانتیجہ ہیں۔پاکستان میں عیدالفطر کے بعدکورونا کے نتیجے میں ہونے والی اموات کے ہوش ربا اعدادوشمارنے خطر ے کی گھنٹی بجادی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوروناکوکس طرح ہرانا ہے ،کئی ماہ گزرجانے کے باوجودحکمرانوں کواس بارے میں کوئی علم نہیں ہے،خدارا چینی حکومت کے مشاہدات اورتجربات سے مددلی جائے۔ وفاق سمیت سندھ کی صوبائی حکومت کواپنی ترجیحات میں کورونا کوسرفہرست رکھنا ہوگا۔