پنجاب،75 دن بعد پارکس عوام کیلئے کھل گئے

June 05, 2020


ڈی جی پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی کاکہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے آج سے لاہور کے پارکس کھول دیئے ہیں، عوام صبح 6 سے رات9بجے تک ایس او پیز کے مطابق پارکس جاسکیں گے، تاہم پارکس آنے والوں کے لیے ماسک اور گلوز پہننا لازمی ہوگا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے ساتھ آج سے پارکس کھول دیئے گئے ہیں، تقریبا ڈھائی ماہ کے بعد پارکس کھلنے پر معمول سے کم رش رہا، شہری کورونا کے حوالے سے لاپرواہی برتتے دکھائی دیئے ہیں۔

پی ایچ اے کی جانب سے لاہور کے پارکس 75 دن بعد عوام کے لیے کھول دِے گئے ہیں، مرد ،خواتین اور بچے پارکس کھلتے ہی پہنچ گئے اگرچہ پہلے روز شہریوں کا رش بہت کم رہا۔

پارکس میں کچھ لوگوں نے واک کی، کچھ نے ورزش، بعض نے فیملی کے ساتھ تازہ اور صاف ہوا کو انجوائے کیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ پارکس کھلنے سے گویا آزادی مل گئی ہے۔

پارکس میں بچوں کے جھولے اور کھیلنے کے مقامات بند ہیں، لہذا بچے گراؤنڈ میں اپنی فیملی کیساتھ کھیلتے رہے اور اکٹھے ناشتہ بھی کیا۔

انتظامیہ کی جانب سے پارکس میں آنے والوں کیلئے ماسک اور گلوز کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم سیر کیلئے آنیوالوٕں میں سے بہت کم لوگ ایس او پیز پر عمل پیرا ہوتے دکھائی دِیئے۔