پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ 2020-21 کا اعلان کردیا

June 06, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ 2020-21 کا اعلان کردیا ہے،جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا، سینٹرل کنٹریکٹ میں اسپنر انعم امین اوربیٹر عمیمہ سہیل سمیت 9 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب گذشتہ سیزن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دے دی گئی ہے۔اس ضمن میں پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریزکے معاوضوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد ، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 2020-21 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کردیاگیا ہے۔ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار مقررہ وقت پر جاری کردیا جائے گا،اس کے علاوہ پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی کٹیگری تشکیل دی ہے۔ ایمرجنگ کٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 22 سالہ منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔اُدھر پی سی بی نے ڈومیسٹک ایونٹس کے معاوضے بھی بڑھا دئیے ہیں۔ ان ایونٹس کی میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔سنٹرل کنٹریکٹ کٹیگری اے میں بسمہ معروف، جویریہ خا ن کٹیگری بی میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نوازکٹیگری سی میں انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈارایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ میں سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبا ل، قومی ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ میں 58 سے زائد رنزکی اوسط سے 292 رنز بنانے والی منیبہ علی نے ایونٹ کے پانچ میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔ان کے ہمراہ ایمرجنگ کٹیگری میں شامل عروب شاہ نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ 16 سالہ اسپنر کو قومی ایک روزہ چیمپئن شپ کی بہترین بولر قرار دیا گیا تھا۔آئندہ 12 ماہ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کرناہے۔ اس دوران قومی انڈر 19 خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی حصہ لے گی۔