صحابہ کرام،امہات المومنین،اہلبیت اطہار کی توہین قبول نہیں،مولانا جالندھری

June 07, 2020

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری کا سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ٹیلی فونک رابطہ ،گستاخانہ کتب پر پابندی کے حوالے سے مبارکباد دی۔مولانا جالندھری نے چودھری پرویز الہی کی جانب سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا، صحابہ کرام اور اہل بیت کی توہین پر مشتمل کتب کی اشاعت پر پابندی اور مارکیٹ میں موجود توہین آمیز کتابوں کوضبط کرنے کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے تمام امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد اور تمام سیاسی جماعتوں کی یکجہتی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا صحابہ کرام، امہات المومنین،اہل بیت اطہار اور جملہ مقدس شخصیات کی توہین کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں، کچھ شرپسند عناصر جان بوجھ کر ہمارے معاشرے میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں اور مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنا چاہتے ہیں، ایسے عناصر پر گرفت اور ان کی بروقت سرکوبی ضروری ہے، اس حوالے سے قانونی کارروائی ضروری ہے تاکہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا موقع نہ ملے۔