عدنان صدیقی ایک کے بعد ایک قریبی کی اچانک موت پر افسردہ

June 07, 2020

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی ایک کے بعد ایک قریبی کی موت پر رنج و غم میں مبتلا ہیں اور افسردگی کا اظہار کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے گھر کے پرانے چوکیدار ’لالہ‘ کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے بتایا کہ وہ دارِ فانی سے کُوچ کرگئے ہیں۔

انہوں نے مداحوں سے ’لالہ‘ کے ساتھ گزارے گئے قیمتی لمحات کو شیئر کیا اور بتایا کہ لالہ کے ساتھ ان کی بہت سے قیمتی یادیں وابستہ ہیں۔

اداکار نے لکھا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ جب وہ 3 یا 4 سال کے تھے تو تب سے انہوں نے لالہ کو ہمیشہ اپنے اردگرد ہی موجود پایا ہے۔

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ لالہ ہمارے گھر کے چوکیدار تھے لیکن وہ جلد ہی ایک فیملی ممبر بن گئے تھے، انہوں نے بتایا کہ جب وہ سیکھنے کے ابتدائی مراحل میں تھے تو لالہ نے ان کی بہت مدد کی اور بہت کچھ سکھایا۔


زندگی کے ابتدائی برسوں میں پہلا روزہ رکھنے، نماز پڑھنے، لالہ کے ہمراہ ناشتہ خریدنے جانا، اسکول سے مجھے اور میری بہن کو اپنی سائیکل پر گھر لانے والی لالہ کے ساتھ گزاری لمحات کی کچھ ایسی قیمتی یادیں ہیں جو میرے دل میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ لالہ کی موت سے میں بلکل بکھر گیا ہوں، اللہ اُن کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

کیپشن کے آخر میں اداکار نے لکھا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں لالہ کی وجہ سے ہوں، مجھے ایسا شخص بنانے پر لالہ کا شکرگزار ہوں، لالہ آپ ہمیشہ میری یادوں میں زندہ رہیں گے۔

اس سے قبل اداکار نے بھارتی میوزک کمپوزر واجد خان کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’2020 میرے لیے ذاتی طور پر ایک نقصان دہ سال ثابت ہوا ہے کیونکہ میں نے اپنے دوست اور بھائی واجد خان کو کھو دیا ہے۔‘