عائزہ خان انسٹاگرام پر چھا گئیں

June 10, 2020

خوبرو اور معروف اداکارہ عائزہ خان نے انسٹاگرام پر 6 ملین فالوورز کا سنگ میل عبور کرلیا ہے جس کے بعد انسٹاگرام پر ایمن خان اور ماہرہ خان کے بعد تیسری مقبول اداکارہ بن گئیں۔

جیو انٹر ٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’مہر پوش‘ میں ’مہرو‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ عائزہ خان کے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 6 ملین یعنی 60 لاکھ فالوورز ہوگئے ہیں۔

انسٹاگرام پر 6 ملین فالوورز کے بعد عائزہ خان پاکستان میں سب زیادہ انسٹاگرام پر فالو کی جانے والی اداکاراؤں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

اِس ضمن میں عائزہ خان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام پروفائل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔


اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے جانے والے اسکرین شاٹ میں اُن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد واضح ہو رہی ہے۔

عائزہ خان نے اپنی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انسٹاگرام پر 6 ملین فالوورز ہونا میرے لیے ایک خواب تھا۔‘

اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آج جس مقام پر ہوں صرف آپ سب کی محبت اور پیار کی وجہ سے ہوں۔‘

یاد رہے کہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکاراؤں میں ایمن خان سر فہرست ہیں، ماہرہ خان دوسرے نمبر پر فائز ہیں جبکہ سجل علی چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ایمن خان:

پاکستان کی خوبصورت اور نوجوان اداکارہ ایمن خان فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 6 اعشاریہ 3 ملین یعنی 63 لاکھ فالوورز کے ساتھ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں۔

ایمن خان انسٹاگرام پر زیادہ فعال نظر آتی ہیں اور اُن کے چاہنے والے بھی اداکارہ کی زندگی کے بارے میں جاننے کا تجسس بھی رکھتے ہیں، اداکارہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر زیادہ تر اپنی تصاویر اور اپنی بیٹی کے ہمراہ تصاویر پوسٹ کرتی نظر آتی ہیں۔

ایمن اس چیز کا متعدد بار تذکرہ کر چکی ہیں کہ انہیں کیریئر میں انسٹاگرام نے بہت مدد دی ہے۔

ماہرہ خان:

انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والے اداکاراؤں میں پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان کا دوسرا نمبر ہے جنہیں اِس وقت انسٹاگرام پر 6 اعشاریہ 1ملین یعنی 61 لاکھ پرستار فالو کررہے ہیں۔

ماہرہ خان انسٹاگرام پر اپنی تصاویر سے زیادہ مداحوں کے لیے معنی خیز پیغام جاری کرتی ہیں اور وہ اپنے چاہنے والوں کو اپنی زندگی کے خاص لمحات سے بھی آگاہ کرتی نظر آتی ہیں۔

ماہرہ خان اکثر سوشل میڈیا سے عارضی طور پر دوری اختیار کرتی بھی نظر آتی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہوں نے یہ سنگ میل بہت ہی کم عرصے میں عبور کیا۔

سجل علی:

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں ’مومنہ سلطان‘ کا کردار ادا کرنے والی سجل علی اپنی بہترین اداکاری اور خوبصورتی کے باعث ہر دلعزیز ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے انسٹاگرام پر 5 اعشاریہ 8 ملین یعنی 58 لاکھ فالوورز ہیں۔

سجل علی انسٹاگرام پر زیادہ فعال نظر نہیں آتی ہیں لیکن وہ اپنے کام سے اپنی صلاحیتوں کو منواتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 50 لاکھ سے زائد ہے۔