اسلام آباد پولیس کی سنتھیا کیخلاف مقدمہ اندراج سے معذرت

June 12, 2020

اسلام آباد پولیس نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے بےنظیر بھٹو پر الزامات عائد کرنے پر مقدمہ درج کرنے سے معذرت کرلی، پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر الزامات کا مقدمہ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پیپلز پارٹی کے کارکن وقاص عباسی کی درخواست پر سماعت کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بےنظیر بھٹو پر الزامات عائد کرکے سنتھیا ڈی رچی نے قابل دست اندازی جرم کیا جس پر پولیس کو درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا جارہا۔

درخواست گزار کاکہنا تھا کہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 500 اور 505 کے تحت پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار ہے، عدالتی نوٹس پر تھانہ بنی گالا پولیس کے حکام پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر الزام لگایا گیا ہےاور یہ ایف آئی اے کا کیس بنتا ہے ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں کہ سوشل میڈیا کے معاملے پر مقدمہ درج کریں۔

پٹیشنر وقاص احمد عباسی نے یکم جون کو تحریری درخواست پیش کی تو رپورٹ درج کر کے قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے رجوع کی ہدایت کی گئی۔

عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ اندراج کی درخواست داخل دفتر کی جائے، عدالت نے پولیس سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئےکیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔