بجٹ کا سارا ملبہ کورونا پرڈالا گیا: خواجہ آصف

June 12, 2020

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج بجٹ کا سارا ملبہ کورونا وائرس کی وباء پر ڈالا گیا جبکہ ان کی معاشی نااہلی ہے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی مالی سال کے پہلے 3 ماہ کی کارکردگی دیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس بعد میں آیا حکومت پہلے ہی ناکام ہے، ہم پارلیمنٹ میں بجٹ پر بھرپور ردِعمل دیں گے، حکومتی اعداد و شمار پر اعتبار نہیں ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ان کی جی ڈی پی گروتھ1 اعشاریہ 9 فیصد نکلی، مارچ کی جی ڈی پی گروتھ منفی 3 ہے، یہ پہلے ہی معاشی ناکام ہوچکے تھے کورونا بعد میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء پر ذمے داری ڈالنا ناکامی ہے، سرکاری ملازمین سے آئی ایم ایف کے کہنے پر فراڈ کیا گیا ہے۔

رہنما نون لیگ کا کہنا ہے کہ ملک کے عوم کا مستقبل آئی ایم ایف کے ہاتھوں میں دے دیا گیا ہے، ہم آئی ایم ایف سے باہر آئے تھے، انہوں نے دوبارہ پھنسا دیا۔

یہ بھی پڑھیئے: خواجہ آصف اور شفقت محمود آمنے سامنے

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں دیا گیا، بلکہ الٹا اب عوام پیٹرول کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔

خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ نجکاری شفاف اور ریگولیٹر مضبوط ہونا چاہیے، نواز شریف نے جو نجکاری کی تھی اس میں کوئی ہڑتال نہیں ہوئی تھی۔