ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ کی بحالی، لاہور قلندرز کی حمایت

June 20, 2020

پاکستان سپر لیگ کی متحرک ترین فرنچائز لاہور قلندرز نے ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسطرح کے ٹورنامنٹس کرکٹ کے فروغ میں کافی اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی لیگز کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان چیمپئنز لیگ کو ایکبار پھر کروایا جاسکتا ہے، انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیموں نے بھی چیمپئنز لیگ کی بحالی کی حمایت کی ہے، پاکستان سپر لیگ کی سب سے متحرک ٹیم لاہور قلندرز نے بھی اس ایونٹ کی دوبارہ بحالی کی حمایت کی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ کرکٹ کو اگر فٹبال کی طرح مشہور کھیل بنانا ہے تو فرنچائز کرکٹ کو فروغ دینا ہوگا اور اس ضمن میں چیمپئنز لیگ جیسا ٹورنامنٹ کافی اہم کردار ادا کرے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی ٹیموں کا بھی سامنا ہوسکتا ہے جو پاک بھارت انٹرنیشنل میچز کی طرح ہی ہائی وولٹیج ہوگا۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ چیمپئنز لیگ جیسا ٹورنامنٹ ڈومیسٹک سطح کے پلیئرز کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ جیسا ہی ایکسپوژر دے گا جس سے پلیئرز کی صلاحیتوں میں بھی نکھار آئے گا۔