احمد شہزاد ساتھی کرکٹرز کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو

June 24, 2020

انگلینڈ جانے والے دس پاکستانی کرکٹرز اور ایک آفیشل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر احمد شہزاد کی جانب سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغام جاری کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹر احمد شہزاد نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ساتھی کرکٹرز کی جلد صحتیابی کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے معلوم ہوا ہے کہ میرے 10 ساتھی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔‘

احمد شہزاد نے لکھا کہ ’میں آپ سب کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ سب کو معلوم ہے کہ اس وائرس سے کس طرح لڑنا ہے اور انشاءاللّہ آپ اس عالمی وبا کو جلد ہی شکست دیں گے۔‘

دوسری جانب کورونا کا شکار قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا اپنی صحت کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں اور اُن میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں لیکن کورونا کی تشخیص کے بعد اُنہوں نےخود کو فوری طور پر آئسولیٹ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اللّہ کا شکر ہے ٹھیک ہوں، کورونا کی علامات نہیں : محمد حفیظ

واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب پاکستان ٹیم کے اسکواڈ میں شامل 10 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حارث، حیدر اور شاداب کی دعاؤں کی اپیل

ان کھلاڑیوں یں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رؤف، حیدر علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔