• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف، نوجوان بیٹسمین حیدر علی اور لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ کووڈ ٹیسٹ تو مثبت ہے لیکن طبیعت بہتر ہے، سب سے دعاؤں کی درخواست ہے، پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی اور بولر حسن علی نے تینوں کھلاڑیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

فاسٹ بولر حارث رؤف ، شاداب خان اور حیدر علی کے ٹیسٹ 21جون کو پنڈی میں ہوئے تھے جو پازیٹو آئے، تینوں کھلاڑیوں میں کووڈ 19 کی علامات تو نہیں لیکن ایس او پیز کے تحت تینوں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔

حارث روف نے سوشل میڈیا پرپیغام میں کہا کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت ہےلیکن خوش قسمتی سے ان کی طبیعت مستحکم ہے ۔ اپنی قیمتی دعاؤں میں یاد رکھیں، ہر صورت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اسپنر شاداب خان نے کہا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے،اپنی دعاؤں میں مجھے یاد رکھیں تمام افراد کی حفاظت کے لیے دعا کرتا ہوں۔

ٹیسٹ کپتان اظہرعلی نے کوروناوائرس کا شکار کھلاڑیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

حسن علی کا کہنا ہے کہ اپنے دوست شاداب خان سے بات کی ہے، وہ ٹھیک ہیں  سب کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل ہے۔

شاداب خان ، حارث رؤف اور حیدر علی دورہ انگلینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کاحصہ ہیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑیوں کا چودہ روز کی آئیسولیشن کے بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا۔

دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑی کمرشل فلائٹ سے انگلینڈ جا سکیں گے۔

تازہ ترین