پائلٹس کی گفتگو افشاء کرنے پر تشویش ہے، فیڈریشن آف ائیرلائن پائلٹس

June 25, 2020

کراچی طیارہ حادثہ پر وفاقی وزیر ہوابازی کے بیان پر انٹر نیشنل فیڈریشن آف ائیرلائن پائلٹس اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایئر ٹریفک کنٹرولرز ایسوسی ایشنز نے پائلٹس کی گفتگو افشاء کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی حادثے کی تحقیقات کامقصد مستقبل میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوتاہے۔ تحقیقات الزام تراشی یا کسی پر اس کی ذمہ داری ڈالنے کا کام نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مشتبہ لائسنس والے 150 پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ایسی کسی بھی تحقیقات میں انتظامی، انضباطی یا عدالتی اثر و نفوذ کا استعمال نہیں ہوناچاہیے، تحقیقات کے دوران حادثے کے شواہد کے بارے میں انکشافات نہیں کرناچاہیے۔ عبوری تحقیقاتی رپورٹ میں محض بنیادی حقائق پرمبنی اطلاعات ہونی چاہئے۔

اعلامیہ کے مطابق اصل ریکارڈنگ سوائےتحقیقاتی مقاصد کے کسی اور کو دستیاب نہیں ہونا چاہیے۔ قبل از وقت نتائج اخذ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔