جعلی ڈپلومہ کیس بھگتنے والے دوسروں کی ڈگریاں چیک کررہے ہیں، پلوشہ خان

June 26, 2020

پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے وفاقی وزیرہوابازی غلام سرور خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈگری پر کام کرنے والے پائلٹس کو سزا ملنی چاہیے، لیکن غلام سرور اپنی ڈگری کا بتائیں۔

ایک بیان میں پلوشہ خان نے کہا کہ غلام سرور خان سات سال تک پنجاب ٹینکل بورڈ کے جعلی ڈپلومے کا کیس بھگتے رہے ہیں، وزیر ہوابازی اب دوسروں کی ڈگریاں چیک کررہے ہیں۔

پلوشہ خان نے کہا کہ پائلٹس کی ڈگری پر سوال اٹھانے والے وزیر کی اپنی ڈگری عدالت میں چیلنج ہوگئی تھی۔ کوئی بھی سیاسی جماعت جعلی ڈگری پر پائلٹوں کو بھرتی نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پائلٹ جعلی ڈگری پر بھرتی ہوا ہے تو سول ایوی ایشن اتھارٹی اس کی ذمہ دار ہے۔ پائلٹ خود اپنی ڈگریوں کا معاملہ عدالت لے کر گئے، جہاں یہ کیس زیرسماعت ہے۔

پلوشہ خان نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کا کام پائلٹوں کی بھرتی نہیں، یہ اداروں کے ہیومن ریسورسز کا کام ہوتا ہے۔