نون لیگ کی پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف قرار داد جمع

June 27, 2020

مسلم لیگ نون نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔

مسلم لیگ نون کی رکن حنا پرویز بٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی۔

نون لیگ کی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 25 روپے اضافہ کر دیا ہے۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کے باعث عام آدمی پہلے ہی مسائل کا شکار ہے، حکومت نے عوام پر ایک اور مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہیں، اپوزیشن اس اضافے کے خلاف اسمبلیوں کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔

وفاقی حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا

نون لیگ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس لیویز میں بھی ہوشربا اضافہ کیا ہے۔

قرار داد کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا جس کا اطلاق 26 جون 2020ء سے ہو گیا یعنی یکم جولائی سے 4 دن پہلے ہی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔

جمعے کو وزیرِ اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

پنجاب اسمبلی، وزیرِ اعظم سے استعفیٰ دینے کے مطالبے کی قرار داد جمع

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 100 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 101 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 59 روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 55 روپے 98 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔