جامعہ کراچی کے گرلز ہوسٹل میں اس وقت کوئی طالبہ موجود نہیں : خالد عراقی

June 28, 2020

وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا ہے کہ اس وقت جامعہ کراچی کے گرلز ہوسٹل میں کوئی طالبہ بھی موجود نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی میں سیکورٹی کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور رینجرز مکمل تعاون کررہی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ گرلز ہوسٹل میں خاتون وارڈنز تعینات ہوتی ہیں، کورونا وبا کی وجہ سے گرلز ہوسٹل کا عملہ کم کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرلز ہوسٹل میں کسی مرد کے داخلے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ 23 جون کی رات کو جامعہ کراچی کے گرلز ہاسٹل میں نامعلوم شخص گھس آیا تھا، جس کا مقدمہ خاتون نے 25 جون کو نامعلوم افراد کے خلاف درج کروایا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ ایف آئی آر درج کرانے والی خاتون جامعہ کی طالبہ نہیں ہے، مقدمہ درج کرانے والی طالبہ جامعہ کے ہوسٹل میں اپنی دوستوں کیساتھ مقیم تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ سوڈان سفارت خانے کی خصوصی درخواست کی بنا پر تین طالبہ کو رہنے کی اجازت دی تھی، مقدمہ درج کرانے کے بعد ڈاکٹر سلمہ نے دو دن گیسٹ ہاؤس میں رہنے کی درخواست کی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر سلمہ نواب شاہ سے کراچی آئی تھیں اور فلائٹ نہ ہونے کےباعث جامعہ گرلز ہوسٹل میں مقیم تھیں۔