کورنگی، تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، نوجوان جاں بحق، دو زخمی

June 29, 2020

کورنگی ،تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، نوجوان جاں بحق، دو زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں تیز رفتار کار درخت سے جا ٹکرائی جسکے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حددوکورنگی انڈس اسپتال کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، حادثے میں کار سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا ،پولیس کے مطابق ایم ایل او کی انٹری کے مطابق متوفی کی شناخت 22سالہ فراز ولد عظیم جبکہ زخمیوں کی ایاز اور احسن کے نام سے ہوئی ہے جو کہ لانڈھی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی متوفی کے ورثاء لاش کو اپنے ہمراہ لے گئے اور انہوں نے قانونی کارروائی سے بھی گریز کیا جبکہ زخمی نوجوان بھی اسپتال سے طبی امداد کے بعد گھر چلے گئے۔علاقے سے ملنے والی معلومات کے مطابق کار سوار افراد رونگ سائڈپر چلتے ہوئے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔