کویت ایئرویز میں کوئی پاکستانی پائلٹ نہیں،الکویتیہ

June 29, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) کویت ایئر ویز (الکویتیہ) نے کہا کہ ʼایئرویز میں کوئی پاکستانی پائلٹ تعینات نہیں البتہ 13پاکستانی انجینئرز پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔الکویتیہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ اطلاع من گھڑت ہے کہ الکویتیہ نے جعلی ڈگریوں پر کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس برطرف کردیئے ہیں۔الکویتیہ نے کہا کہ برطرفی کا معاملہ تو اس وقت پیش آتا جب ہمارے یہاں کوئی پاکستانی پائلٹ کام کر رہا ہوتا۔ فی الوقت ایک بھی پاکستانی پائلٹ نہیں ہے کسی کو ملازمت سے نکالنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ الکویتیہ نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کے 13 انجینئر ہمارے یہاں کام کررہے ہیں جو نہایت پیشہ ورانہ طریقے سے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔