لیسٹر میں دوہفتوں کے دوران 866افراد میں کورونا کی تصدیق

June 30, 2020

راچڈیل (ہارون مرزا)برطانیہ میں چار جولائی سے جہاں لاک ڈائون میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے وہیں لیسٹر میں 23جون تک دوہفتوں کے دوران 866افراد میں کورونا وائر س کی تصدیق کے بعد لاک ڈائون کی پابندیوں میں مزید 15یوم کی توسیع کی سفارش کی گئی ہے۔ کورونا کے مریضوں کی تعدا دمیں ہوشربا اضافے کے بعد لیسٹر میں پب اور ریستوران وغیرہ مزید دو ہفتوں کیلئے بند رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔میئر سر پیٹر سولسبی نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں لیسٹر میں کورونا کے تاز ہ ترین مریضوں کی بڑی تعداد تشویشناک ہے صورتحال کے پیش نظر لاک ڈائون کی پابندیوں میں توسیع ناگزیر ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے باعث برطانیہ بھر میں جاری لاک ڈائون میں بتدریج نرمی کی جا رہی ہے چار جولائی سے پب ‘ ریستوران ‘ ہیر ڈریسرز اور ہوٹلوں کو بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت د ی جا رہی ہے مگر لیسٹر میں مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، سر پیٹر کے مطابق انہیں حکومت کی طرف سے بذریعہ ای میل تجویز موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مزید دو ہفتوں کیلئے پابندیوں کو برقرار رکھا جائے تاکہ وائرس کا پھیلائو روکنے میں مدد مل سکے محکمہ صحت کی طرف سے لیسٹر کیلئے مزید چار موبائل ٹیسٹنگ یونٹس اور ہزاروں کٹس بجھوا ئی گئی ہیں ۔