’’آئینہ‘‘ گھر کی آرائش میں جاذبیت اور کشش کا نمونہ

July 03, 2020

ایمان فاطمہ

گھر کی تزئین وآرائش میں دیگر چیزوں کی طر ح آئینے بھی دل کشی اور کشادگی ظاہر کرتےہیں ۔یہ گھر کی خوب صورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں ۔گھر کی چھوٹی چھوٹی جگہوں کو وسعت نظری کا احساس دیتے ہیں اورگھر کے کاریڈورز کو وسیع تر دکھاتے ہیں ۔ان کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کشادگی کے ساتھ کمروں میں قدرتی اور مصنوعی روشنیوں کے عکس کو دو گنا بڑھا دیتے ہیں اور آرائش کئی گنا زیادہ روشن لگتی ہے ۔آئینے سے چھوٹا اور تاریک گھر زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔

اس کو روشنی کا اضافی ذریعہ بھی کہا جاتا ہے ۔اگر آپ اس کو قدرتی روشنی کے عقبی حصے پر آویزاں کرتی ہیں تو اس میں صبح اور شام دونوں وقت روشنی منعکس ہوگی ۔اس کےعلاوہ قریب لگے بلبوں سے چھن چھن کر آنے سے روشنیوں کے ریلوں کو مناسب حد تک وسعت دیتے ہیں ۔اس سے بالکل اس طرح محسوس ہوتا ہے کہ یہ روشنی کا منبع ہوں اور انہی سے چھن چھن کر روشنی آرہی ہو ۔آئینےکشش وجاذبیت کانمونہ ہوتے ہیں ،مگریہ بے انتہا ہمہ صفت ہوتے ہیں ۔

چنا ں چہ کمرے کو دیدہ زیب بنانے کے لیےہر کمرے میں استعمال کرسکتی ہیں ۔اگر آپ کسی کمرے کو کشادہ یا روشن کرنا چاہتی ہیں تو آئینے کو سلیقہ مندی سے کمرے میں لگائیں ۔ذیل میں آپ کو چند آئینے کے بارے میں بتا رہےہیں ،ان کو لگا کر اپنے گھر کو دیدہ زیب اور کشادہ بنائیں ۔

مرر ٹائلز

کچھ عر صے پہلے دیواروں پر آئینے نصب کرنے کارواج کچھ کم ہوگیا تھا ۔لیکن وہ کہتے ہیں نہ کہ پرانارواج لوٹ کر ضرور آتا ہے ۔اب دوبارہ سے آرائش نقطہ نظر سے مرر ٹائلز کو پسند کیا جارہا ہے ۔لوگ اب دوبارہ سے گھروںمیں اس کا استعمال کرنے لگے ہیں ۔

محرابی آرائش والے آئینے

یہ تراش خراش والے آئینے ٹی وی لائونج میں زیادہ اچھے لگتے ہیں ۔لیکن اس کی فریمنگ بہت احتیاط سے کی جاتی ہے ۔اس آئینے میں گولڈن ،سلور ،برائون وڈ ایکسپریشن یا پھر سادہ لکڑی کا فریم زیادہ خوب صورت لگتا ہے ۔

وربیئر(Verbier)گولڈمرر

یہ آئینے کمرے کو جدید اور کلاسیکی دونوں پہلوؤں سے متاثر کن بناتے ہیں ۔آپ چاہیں تو گولڈ پلیٹڈ یا پھر کسی سنہرے رنگ کی پالش کے ساتھ بھی یہ آئینے بنوا سکتی ہیں ۔کچھ خواتین دائرہ نما آئینے پسند کرتی ہیں اور کچھ چوکور زاویوں کے انتخاب پر توجہ دیتے ہیں۔آپ اپنی مرضی کے مطابق کوئی سا بھی بنوا سکتی ہیں ۔دیکھنے میں دونوں خوب صورت لگتے ہیں ۔

کوئٹر اسٹائل(Quarter style)

یہ اسٹائل لیونگ روم اور ٹی وی لائونج دونوں کے لیے مناسب رہتا ہے ۔اکثر اوقات گھر کے اس حصے میں مہمان بیٹھ جاتے ہیں ۔اور زیادہ تر خواتین ڈائنگ ٹیبل بھی یہی پر سیٹ کرتی ہیں ۔چناں چہ ان دونوں کمروں کی آرائش آپ اپنے بجٹ ،فیملی کی ضرورت اور حسن ِذوق کے مطابق کرسکتی ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ آپ دیواروں پر خوب صورت سی پینٹنگز بھی لگا سکتی ہیں ۔