ماحولیاتی تبدیلی بڑاخطرہ‘15نیشنل پارک بنائیں گے‘عمران خان

July 03, 2020

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں چاربڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیاجبکہ عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ماحولیات کو اہمیت نہیں دی‘ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلی ہمارے ملک کے لئے بڑا خطرہ ہیں ‘اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ماحول کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کریں‘ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں ماحول کا تحفظ ضروری ہے‘ ملک میں15نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ آئندہ نسلوں کیلئے بڑا قدم ہے‘ان میں سے نو نئے پارک ہیں جبکہ چھ کو نیشنل پارک کا درجہ دیا گیا ہے‘ پہلے مرحلے میں 5000 نو جوانوں کو براہ راست روزگار ملے گا۔نئے سیاحتی علاقے کھولنے سے قبل بائی لاز بنائے جائیں، شہروں کے لئے بھی ماسٹر پلان اور ٹاؤن پلاننگ کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو 15نیشنل پارکس کے قیام کے منصوبے کے آغاز کے موقع پر کیا۔عمران خان نے کہا کہ ملک کی آبادی تیز رفتار سے بڑھ رہی ہے، اگر ہم نے اپنے خوبصورت سیاحتی علاقوں کو نہ بچایا تو آنے والی نسلوں کو یہ علاقے دیکھنے کو نہیں ملیں گے۔