ڈرائیور کی جلد بازی، سکھ خاندان کی وین ٹرین کی زد میں آگئی، 22 ہلاک

July 04, 2020

ڈرائیور کی جلد بازی، سکھ خاندان کی وین ٹرین کی زد میں آگئی، 22 ہلاک

لاہور(نمائندگان جنگ)ڈرائیور کی جلدبازی کوسٹر ٹرین کی زدمیں آگئی، سکھ خاندان کے 20 افراد ہلاک ہوگئے۔حادثہ فاروق آبادمیں بغیر پھاٹک کراسنگ پرپیش آیا،ڈرائیورنےکچے راستے سے ریلوے لائن عبورکرنے کی کوشش کی،5افرادکی حالت نازک،حادثے کاشکار خاندان پشاور سے عزیزکی تعزیت کیلئےآیاتھا۔

ترجمان ریلوے کے مطابق حادثہ شیخوپورہ میں فاروق آباد اور بحالی ریلوے اسٹیشن کے درمیان بغیرپھاٹک جاتری روڑ پر واقع سچا سودا پھاٹک کی کراسنگ پر پیش آیا۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ کوسٹر میں سکھ خاندان کے 25افراد سوار تھے جن میں سے 20 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور سے سکھ خاندان اپنے رشتہ دار کے انتقال میں شرکت کیلئے ننکانہ صاحب آیا تھا۔

واپسی پر کوسٹر کے ڈرائیور نے پھاٹک بند دیکھ کر کچھ آگے جا کر کچے راستے سے ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کی اور اسی دوران کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس وہاں پہنچ گئی اور کوسٹر سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں ایک ہی خاندان کے 20 سکھ افراد دم توڑ گئے جبکہ 8 زخمی ہوئے، مرنے والوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں،ٹرین حادثے میں دو بچوں اور سات مردوں کو شیخوپورہ ہسپتال لایا گیا جن میں سے 5افراد کی حالت نازک ہے ۔ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔