کچن کی خاکہ بندی کے مختلف انداز

July 05, 2020

کچن کی تعمیر اور تزئینِ نو کے وقت اس کی خوبصورت خاکہ بندی (Layout)، اچھے تعمیراتی مٹیریل کے استعمال اور اسے جدید سہولتوںسے آراستہ کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔ یہ گھر کا وہ حصہ ہے، جہاں نہ صرف خواتین کے دن کا بیشتر وقت گزرتا ہے بلکہ برس ہابرس سے اسے خواتین کے سلیقے کا منہ بولتا ثبوت تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس کی صفائی ستھرائی اور منظم طریقے سے دیکھ بھال لازمی تصور کی جاتی ہے۔ کچن میں کام کرنے میں سہولت ہونا کسی نعمت سے کم نہیں، یہی وجہ ہے کہ کچن کا لے آؤٹ اس انداز میں ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ ہر چیز بآسانی مل سکے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ دوران تعمیرات جگہ کی مناسبت سے کچن کے لیے بہترین لے آؤٹ کا انتخاب خاصا مشکل کام ہوتا ہے کیونکہ لے آؤٹ کے بے شمار انداز موجود ہیں۔ ان میںسے کچھ کے لیے زیادہ بجٹ درکار ہوتا ہے جبکہ کچھ مناسب بجٹ میں بھی بن جاتے ہیں۔ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ کچن کے لے آؤٹ کے بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے خاتونِ خانہ کی ضروریات کے بارے میں بھی جان لیں کیونکہ عموماً انھوں نے ہی وہاں کام کرنا ہوتا ہے۔ لے آؤٹ کی اہمیت کے پیش نظر ہم قارئین کی آسانی کے لیے ذیل میں کچھ مقبول اور بجٹ فرینڈلی لے آؤٹ کا ذکر کررہے ہیں، جو ایک طرف کچن کو منفرد، جدید اور عالیشان دکھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے تو دوسری جانب آپ کے باذوق ہونے کا پتہ بھی دیں گے۔

گیلری نما کچن

ویسے تو گیلری نما کچن کا ٹرینڈ اب اتنا زیادہ مقبول نہیں ہے۔ تاہم، آج بھی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ گھروں میں گیلری نما کچن کی تعمیر کے کئی فوائد ہوتے ہیں۔

٭ گیلری نما کچن کا لے آؤٹ کم جگہ پر دو دیواروں میں اسٹوریج اوردیگر چیزوں کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرتا ہے ۔

٭ کھانا پکانے کے دوران آپ کو جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، وہ پاس ہی دستیاب ہوجاتی ہیں ۔

٭ کشادہ کچن کے مقابلے میںگیلری نما کچن میںخواتین تھکاوٹ محسوس نہیں کرتیں ۔

٭ بڑے گھروں میں ڈسپلے کچن کے ہمراہ گیلری کچن بھی تعمیر کروائے جاتے ہیں کیونکہ ان میں عام لے آؤٹ کی نسبت آسانی سے کھانا پکایا جاسکتا ہے۔

یوشیپ کچن

یو شیپ کچن کا ڈیزائن مشرق و مغرب میںیکساںمقبول ہے۔ اگر آپ کے پاس کچن تعمیر کرنے کے لیے کشادہ جگہ موجود ہے اور آپ وہاںاسٹوریج کے ساتھ ساتھ ڈائننگ ایریا بنوانے میں بھی خاصی دلچسپی رکھتے ہیں تو یو شیپ لے آؤٹ آپ کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ جیساکہ نام سے ہی ظاہر ہے، اس لے آؤٹ کے تحت کاؤنٹر ٹاپ کو یوشیپ میں بنوایا جاتا ہے۔ ماہرین ایسے کچن کو ’ٹرائی اینگل کچن‘ کا نام بھی دیتے ہیں کیونکہ اس میں تین زاویوں کے تحت منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

درمیان میں چولہا یا اوون رکھا جاتا ہے جبکہ دائیں اور بائیں طرف سنک اور ریفریجریٹر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین کا مشورہ ہےکہ یوشیپ کچن میں چولہوں یا اوون کے سائز کا خیال رکھیں کیونکہ اگر آپ کے پاس اس شیپ کے کچن کے لیے جگہ کم ہے تو پھر زیادہ افراد کا ایک ساتھ کام کرنا مشکل ہوجائے گا جبکہ زیادہ جگہ ہونے پر اس طرح کے مسائل درپیش نہیںہوں گے۔ یوشیپ لے آؤٹ پر بنائے گئے کچن میںلکڑی کی کیبنٹس اور درازوںکے ڈیزائن کے لیے یو شیپ کاؤنٹر کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔

ایل شیپ کچن

ایل شیپ کچن بھی کم وبیش یوشیپ کچن جیسا ہی ہوتا ہے۔ ایل اور یو شیپ کچن کے لے آؤٹ میں خاص فرق حروف تہجی کے ڈیزائن کا ہی ہے۔ ایل شیپ کچن میں ایک ہی دیوار کاؤنٹر ٹاپ اور اسٹوریج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ یہ شیپ چھوٹی فیملی کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے، جس میں کونے کی جگہ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ لے آؤٹ ان خواتین کے لیے بہترین ہیں، جوکچن میں پرائیویسی کا خاص خیال رکھنا چاہتی ہیں۔

جزیرہ نما کچن

جدید دور میں جزیرہ نما کچن (Island Kitchen) کا ٹرینڈ بے حد مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ یہ ایک ایسا لے آؤٹ ہے جو دیگر لے آؤٹ کے برعکس مکینوں کو کچن کی تعمیر اور تزئینِ نو کے لیے بے شمار ڈیزائن اور اسٹائل فراہم کرتا ہے۔ جزیرہ نما کچن کو عام طور پر گیلری اور ایل شیپ کچن کا مجموعہ کہا جاتا ہے۔ ایل شیپ کچن میں ایک جزیرہ تعمیر کروایا جاتا ہے، جس کا بظاہر باقی فرنیچر اور کوکنگ ایریا سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ یہ حصہ عام طور پر کھانا کھانے یا پھر سجاوٹی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ماہرین کی اس بارے میں رائے ہے کہ کچن میں تعمیر کروائے جانے والے جزیرے کی مثالی اونچائی 85اور 92سینٹی میٹر کے درمیان ہو تو مناسب ہے۔ دوسری جانب جزیرے اور باورچی خانے کے فرنیچر (مثلاًچولہوں ،اوو ن ،فریزر) کے درمیان کم سے کم 1.20میٹر کا فاصلہ ہونا چاہئے تاکہ چلنے پھرنے یا کام کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ محسوس نہ ہو۔