بلوچستان میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، عوام بے حال

July 05, 2020

بلوچستان میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، عوام بے حال

بلوچستان میں شدید گرمی کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آسکی، کوئٹہ میں 6 گھنٹے، ضلعی ہیڈکوارٹرز میں 12 گھنٹے اور زرعی علاقوں میں 18گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو بے حال کردیا ہے، لوڈشیڈنگ کے ساتھ وولٹیج کی کمی بیشی سے بجلی سے چلنے والے آلات خراب ہونے لگے۔

بلوچستان میں اضافی بجلی ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو نہ پایا جاسکا، ان دنوں جب گرمی اپنےعروج پر ہے مگر وزرات بجلی وپانی کی جانب سے صوبے میں کی جانے والی لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں کی گئی ہے۔

یوں تو کوئٹہ میں 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے لیکن اس کے ساتھ فنی خرابی اور مرمتی کاموں کے نام کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھنا معمول کی بات ہے جبکہ وولٹیج کی کمی بیشی بھی عوام کو پریشان کئے ہوئے ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچے اور بوڑھے گرمی کی شدت سے نڈحال ہوجاتے ہیں۔

کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں بجلی کی کمی نہیں ہے لیکن وہ علاقوں جہاں لائن لاسز زیادہ اور بلوں کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے وہاں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، تاہم صوبے کے گرم علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔