انگلینڈ میں 2 ماہ اکٹھے رہنے سے مستقبل کی کرکٹ کے لئے فائدہ ہوگا، مصباح الحق

July 05, 2020

انگلینڈ میں 2 ماہ اکٹھے رہنے سے مستقبل کی کرکٹ کے لئے فائدہ ہوگا، مصباح الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کےہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی کے لئےایک پلان ترتیب دیا ہوا ہے کہ مستقبل میں کیسے آگے لیکر چلنا ہے ۔دو ماہ اکٹھے رہنے سے مستقبل کی کرکٹ کے لئے فائدہ ہو گا ۔ اگلے پانچ چھ سال جو کرکٹ کھیلنی ہے اس کے لئےاچھی ٹیم بن جائے گی۔دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں نے ووسٹر میں تین دن بھرپور پریکٹس کرکے ہفتے کو مکمل آرام کیا۔اتوار سے پاکستانی ٹیم چار ماہ بعد کسی میچ میں حصہ لے گی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دو ٹیمیں بناکر انٹرا اسکواڈ میچ کھیلیں گے۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ90,90اوورز میں پانچ پانچ بولروں کو بولنگ دیں گے اسی طرح بیٹنگ میں بھی مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے۔لاک ڈاون کے بعدکافی عرصے کے بعد سب کھلاڑی پریکٹس کر رہے ہیں ۔لمبے عرصے کے بعد پریکٹس کر کے اچھا لگ رہا ہے۔ایسا لگ رہا تھا کہ وقفے کے بعد کچھ مسائل ہوں گے ۔ٹریننگ اچھی جا رہی ہے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔فٹنس کے لحاظ سے بھی کھلاڑی فٹ محسوس ہو رہے ہیں،مصباح نے کہا کہ بولنگ بیٹنگ میں بھی کھلاڑ ی ہماری سوچ سے بہت بہتر ہیں۔تین دن کی بھرپور ٹریننگ کے بعد لگ رہا ہے کہ کھلاڑیوں میں مزید بہتری آئے گی،ٕمصباح نے کہا کہ دو سیشنز کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ میں اچھا وقت مل رہا ہے۔پہلا پریکٹس میچ ہے پئیر بنا کر کھیلنے کا پلان دیں گے ۔بولروں کے بھی دوسیٹ بنائیں گے کہ ایک دن ایک سیٹ اور دوسرے دن دوسرا بولنگ کرے۔اگلے میچز باقاعدہ الیون بنا کر کھیلیں گے ۔سیریز سے قبل پریکٹس میچز بڑی اہمیت کے حامل ہیں ۔