پارٹی قیادت نے رکنیت معطلی کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، عظمیٰ کاردار

July 05, 2020

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ انہیں پارٹی رکنیت ختم کرنے سے متعلق پارٹی قیادت نے آگاہ نہیں کیا۔

پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف نے رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی ہے۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عظمیٰ کاردار کا رویہ نامناسب اور منصب کے شایانِ شان نہیں۔

تاہم عظمیٰ کاردار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں میڈیا کے ذریعے پارٹی رکنیت سے معطلی کی خبر ملی ہے۔

عظمیٰ کاردار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ وکلاء سے مشورے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گی۔

واضح رہے کہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ عظمیٰ کاردار 7 روز میں پی ٹی آئی اپیلٹ کمیٹی میں فیصلہ چیلنج کرسکتی ہیں۔