ذخیرہ اندوزی ختم، قیمتیں واپس لائیں، لوگوں کو آٹا، چینی اور ضروری اشیا پرانی قیمتوں پر ملنی چاہئیں، کارروائی کریں یا عوام کو سبسڈی دیں، عمران خان

July 07, 2020

اشیا پرانی قیمتوں پر ملنی چاہئیں، کارروائی کریں یا عوام کو سبسڈی دیں، عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں تیار ہونیوالے 15 وینٹی لیٹرز پر مشتمل پہلی کھیپ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے حوالے کردی ہے جبکہ عمران خان نے پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ چاہے ذخیرہ اندوزی ختم کرنے کیلئے کارروائی کریں یا سبسڈی دیں‘ غریب کو آٹا سستا فراہم کریں اور ہر حال میں آٹے کی قیمت پرانی سطح پر بحال کی جائے۔

عوام کو آٹا، چینی اور ضروری اشیاء پرانی قیمتوں پر ملنی چاہئیں ‘وزیراعظم نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر کارروائی اور ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی عوام کو بلا تعطل اور کم قیمت پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ موجودہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے ۔

مافیا کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا‘ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز ترین تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا‘پاکستان کا معاشی مستقبل سی پیک کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے منسلک ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکو جائزہ اجلاس ‘ تقریب سے خطاب اورپنجاب کے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء عمران خان نے ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آرٹی سی ) ہری پور کا دورہ کیا اور پاکستان میں پہلی بار وینٹی لیٹر کی پیداواری سہولت کا افتتاح کیا۔

وزیراعظم نے پہلی بار اندرون ملک وینٹی لیٹر بنانے کے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور این آر ٹی سی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے اور اس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہترین صلاحیتوں کے مالک ماہرین موجود ہیں جو ملک کو نئی ٹیکنالوجی سے متعلق ایجادات دے سکتے ہیں اور ہماری حکومت اس سلسلے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ہر ممکنہ معاونت کرے گی۔

علاوہ ازیں عمران خان نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر کارروائی اور ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی عوام کو بلا تعطل اور کم قیمت پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے آسانی کو یقینی بنایا جائے، گندم اور آٹے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کریں۔

ضرورت کے مطابق ذخیرہ کو یقینی بنایا جائے، ماضی میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث عناصر نے نہ صرف کسان کو ان کے جائز منافع سے محروم کیا بلکہ عام آدمی کو زائد قیمت پر آٹا خریدنے پر مجبور کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مزید موثر کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے۔

ادھروزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کریں، موجودہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے اور مافیا کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔