پاکستان: کورونا کیسز 234509، اموات 4839

July 07, 2020


کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کے باعث پاکستان مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 691 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، جبکہ مزید 77 افراد اس موذی وباء کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 509 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 839 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 96 ہزار 713 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 306 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 1 لاکھ 34 ہزار 957 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 96 ہزار 236 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں 1 ہزار 572 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 82 ہزار 669 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 899 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 28 ہزار 236 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 38 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 557 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 140 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کے پی کے میں کورونا سے مزید 10 افراد جاں بحق

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 10 ہزار 841 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 124 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 1 ہزار 587 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 30 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 1 ہزار 383 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 36 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 24 ہزار 577 کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ اب تک کیئے گئے ٹیسٹوں کی تعداد 14 لاکھ 45 ہزار 153 ہو چکی ہے۔