مون سون وائرل سے بچنےکیلئے ملائکہ کیا استعمال کرتی ہیں؟

July 09, 2020

بھارتی سُپر فٹ ماڈل و اداکارہ ملائکہ اڑورا کا کہنا ہے کہ اگر مون سون کے دوران اُن کی ترکیب استعمال کرتے ہوئے قہوہ بنا کر پی لیا جائے تو مون سون کی موسمی بیماریوں سمیت کورونا اور دوسری بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے ۔

مون سون (ساون) موسم کے دوران کئی طرح کے جلدی امراض ، زکام او ر بخار جیسی شکایات جنم لیتی ہیں، ان سب سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے بھارتی اداکارہ ملائکہ اڑورا کی جانب سے ایک قہوے کی ترکیب اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی گئی ہے ۔


ملائکہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مون سون موسم کی آمد ہے اور کورونا کا خطرہ بھی ابھی مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے، ایسے میں جب کئی بیماریوں میں گھرنے کے خطرات لاحق ہوں تو اپنے قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے غذا میں کچھ نہ کچھ خاص ضرور رکھنا چاہیے ۔

ملائکہ اڑورا نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ صبح روزانہ نہار منہ یہ قہوہ بنا کر پیتی ہیں جس کے بےشمار فوائد ہیں، اس قہوے سے اُن کا قوت مدافعت مضبوط رہتا ہے اور انہیں بیماریوں سے دور رہنے میں مدد بھی ملتی ہے ۔

ملائکہ نے قہوہ بنا کر بھی دکھایا جس میں انہوں نے ایک آملہ پھل، ایک ٹکڑا کچی ہلدی اور ادرک ، 20 سے 30 ملی لیٹر پانی ، ایک چمچ کالی مرچ اور ایک چمچ سیب کا سرکہ استعمال کیا۔

ملائکہ کی جانب سے شیئر کی گئی ترکیب کے مطابق ان سب اجزا کو گرائینڈ کر لیں اور گودا چھان لیں، اب اس مرکب میں 20 سے 30 ملی لیٹر پانی اور ایک چمچ سیب کا سرکہ ملا کر اسے نہار منہ پی لیں۔

ملائکہ کے مطابق وٹامن سی سے بھرپور اس قہوہ کے استعمال سے جسم سے فاضل مادوں کا صفایا ہو جائے گا اور آپ موسمی وائرل اور انفیکشن سے محفوظ رہیں گے۔