فہد مصطفیٰ کا کورونا کیخلاف لڑنے والے پولیو ورکرز کو خراج تحسین

July 10, 2020

فہد مصطفیٰ کا کورونا کیخلاف لڑنے والے پولیو ورکرز کو خراج تحسین

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے پولیو رضاکاروںکیلئےخصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اداکار فہد مصطفیٰ کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرپولیو رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اداکار نے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ آپ سب یہ جانتے ہیں کہ پولیو رضاکاروں کی ٹیم دن رات محنت کرکے کورونا وائرس کے خلاف لڑ رہی ہے۔فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ پہلے یہ ٹیم پولیو کے خلاف لڑتی رہی اور اب عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف لڑ رہی ہے تاکہ اِس کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور لوگوں کو اِس وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔اداکار نے بچوں کو پولیو ویکسین دلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا خاتمہ اس لیے نہیں ہورہا ہے کیونکہ اس وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کی ویکسین موجود ہے لہٰذا تمام والدین کے لیے بےحد ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کی ویکسین دلوائیں۔دوسری جانب اُنہوں نے بتایا کہ کہ بحیثیت باپ میں نے ہمیشہ اپنے بچوں کو وقت پر پولیو کی ویکسین دلوائی تاکہ میرے بچے اِس مرض سے محفوظ رہ سکیں۔اداکار فہد نے کہا کہ ناصرف پولیو کی ویکسین بلکہ دیگر بیماریاں بھی جن کی ویکسین موجود ہے وہ آپ اپنے بچوں کو ضرور دلوائیں تاکہ ہم اپنے ملک پاکستان کو پولیو جیسے دوسرے امراض سے بھی محفوظ رکھ سکیں۔یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، 5 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال اب تک سندھ میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد19جبکہ ملک بھرمیں57ہوگئی ہے۔