سنتھیا یقیناً کسی ایجنڈے پر آئی ہے: لطیف کھوسہ

July 10, 2020

سابق گورنر پنجاب، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی جیسے آئی ہے، یقیناً کسی ایجنڈے پر آئی ہے۔

امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما افتخار احمد کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب اس کیس کو لمبا کرنے سے کیا بنے گا، توقع کرتے ہیں کہ کیس پر فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا۔

پیپلز پارٹی کے وکیل و رہنما لطیف کھوسہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ، حکومت اور سیکریٹری داخلہ کی کمزوری ہے یا وہ ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارتِ داخلہ کو امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے پیپلز پارٹی کے رہنما افتخار احمد کی درخواست پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کو بدھ کے دن 1 بجے وزارتِ داخلہ میں پیش ہو کر بیان دینے کی ہدایت کی۔

سماعت کے موقع پر سنتھیا ڈی رچی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ وزارتِ داخلہ 15 جولائی تک اس معاملے کا فیصلہ کر کے عدالت کو آگاہ کرے۔

دورانِ سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ نے وفاق کی طرف سے عبوری رپورٹ جمع کرا دی۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

اسلام آباد پولیس کی سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ اندراج سے معذرت

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار تو وزارتِ داخلہ میں پیش ہی نہیں ہوا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ خود مختار ریاست ہے، ہم تو وزارت کا کنڈکٹ دیکھ رہے تھے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ سماعتوں کی تو ضرورت ہی نہیں، قانون کو اپنا راستہ خود بنانا چاہیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ وزارتِ داخلہ قانون کو مدِنظر رکھ کر درخواست کا فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے ویزے کی میعاد ختم ہونے پر سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔