سوشل میڈیا صارفین نے وکاس دوبے انکاؤنٹر کو فلمی سین قرار دیدیا

July 11, 2020

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی پولیس نے 8 پولیس اہلکاروں کے قاتل وکاس دوبے کو فرار ہونے کی کوشش پر موقع پر ہی ہلاک کر دیا جس کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وکاس دوبے کے انکاؤنٹر کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز گرفتار ہونے والا 8 پولیس اہلکاروں کا قاتل وکاس دوبے نے پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس کی جانب سے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے وکاس دوبے کو موقع پر ہی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش کےایک مندر سے گرفتار کیے جانے والے وکاس دوبے کو پولیس کسٹڈی میں براستہ سڑک کانپور سے جھانسی لایا جارہا تھا، اسے آج صبح دس بجے عدالت میں پیش کیاجانا تھا۔وکاس دوبے کو جھانسی لاتے ہوئے پولیس کی گاڑی اُلٹ گئی تھی ، گاڑی پلٹتے ہی وکاس نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سے پستول چھینی اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس کی ٹیم نے اُس پر جوابی فائرنگ کی۔بھارتی پولیس کے مطابق ملزم وکاس دوبے شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس کے اس مؤقف کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وکاس دوبے کے اس پولیس کاؤنٹر کو جعلی قرار دیتے ہوئے سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پولیس کے اس مؤقف کو مضحکہ خیز قرار دیا گیا ہے۔ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پولیس کے اس مؤقف کو مذاق کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ یہ حقیقت نہیں بلکہ بھارتی فلم ہدایتکار روہیت شیٹی کی فلم کا سین لگ رہا ہے۔