کالجز کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کو 24سال میں ترقی نہ مل سکی ،سپلا

July 13, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کراچی ریجن کے زیر اہتمام سندھ بھر کی کالجز کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کا جنرل کنونشن گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج گلستان جوہر میں منعقد ہوا۔ اس کنونشن میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر ریجن کے نمائندگان کے علاوہ سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر سید علی مرتضیٰ، کراچی ریجن کے صدر پروفیسر منور عباس، سینئر و جونیئر ڈی پیزنے شرکت کی۔ جنرل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن میں اس وقت سب سے زیادہ متاثرین ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ہیں، گذشتہ چوبیس سال سے ترقی سے محروم ڈی پیز کی ابتک حتمی سینیارٹی لسٹ ایس اے جی اینڈ سی ڈی کی ہدایات کی روشنی میں اب تک جاری نہیں ہو سکی،جس کے سبب ان کو اگلے گریڈ میں ترقی نہیں مل سکی اور سینکڑوں ڈی پیز اسی گریڈ میں ریٹائر ہو چکے ہیں ،سندھ پبلک سروس کمیشن میں سترہ گریڈ کا اشتہار تودیا جاتا اور کمیشن پاس کرنے والوں کو سترہ گریڈ میں ہی بھرتی بھی کر لیا جاتا ہے مگر بجٹ بک میں ان کی پوسٹ ابتک سولہ گریڈ کی لکھی ہوئی ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ ہم موجودہ سیکریٹری کالج ایجو کیشن باقر عباس نقوی سے پر امید ہیں کہ وہ یقینا ڈی پیز کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔