کووڈ 19وبائی مرض سے دیہی علاقے اب بھی محفوظ

July 16, 2020

اسلام آباد (طارق بٹ) ماسک پہننے کی کوئی پریشانی نہیں، سینیٹائزرز کا کوئی استعمال نہیں، پی سی آر کی کوئی آزمائش نہیں، کوئی قرنطینہ نہیں، کوئی سماجی دوری نہیں، اسپتال میں کوئی داخلہ نہیں، دیہی علاقوں میں عین اسی تصویر کا غلبہ نظر آتا ہے جبکہ شہری مراکز خوفناک کووڈ 19 وبائی مرض کی لپیٹ میں ہیں۔ ایک دیہاتی اللہ رکھا نے دی نیوز کو بتایا کہ جہاں تک میں جانتا ہوں ناصرف ان کے گاؤں میں کووڈ19 کا ایک بھی کیس نہیں بلکہ ڈسٹرکٹ گجرات میں کم سے کم چھ ایسی ہی بستیاں ہیں جہاں کووڈ 19 کا ایک بھی کیس نہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ ہم اپنا معمول کا کام اسی طرح کر رہے ہیں جیسے پاکستان کے شہروں پر کورونا وائرس کے حملے سے پہلے کر رہے تھے؛ کاشتکار کھیتوں میں کام کر رہے ہیں اور دیگر تمام سرگرمیاں غیر متاثر ہیں۔ تاہم اللہ رکھا کا کہنا تھا کہ گجرات شہر سے صرف چار کلومیٹرز دور ایک گاؤں میں وائرس کیسوں کی بڑی تعداد (80) کی اطلاعات ہیں جیسا کہ بہت سے رہائشی روزانہ وہاں جاتے ہیں۔ مردان ڈسٹرکٹ کے مقیم علی محمد نے بھی ایسی ہی کہانی سنائی۔ اس کا کہنا تھا کہ ہم کووڈ 19 سے خوفزدہ نہیں کیونکہ اس کا ایک بھی مریض نا تو ہمارے گاؤں میں ہے اور نا ہی ہمارے پڑوس کے علاقوں میں ہے۔