کراچی: عزیز آباد میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 3 افراد زخمی

July 16, 2020

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک دو عزیز آباد میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمی ریاض الرحمان اور دیگر کو فیڈرل بی ایریا میں واقع اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں انہیں طبی امداد دی گئی اور کتوں کے کاٹنے کی ویکسین شروع کی گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق یہ پتہ نہیں چل سکا کہ تینوں افراد کو کسی ایک پاگل کتے نے کاٹا یا مختلف مقامات پر واقعات پیش آئے۔

شہر میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، آوارہ کتوں کے شہریوں پر حملے بھی بڑھ رہے ہیں۔ کراچی کے شہری سب سے ٹیکس دے کر بھی آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔

شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے حکومتی سطح پر کوئی مہم شروع نہیں کی جارہی بلکہ سیاستدانوں کی اولادیں کتوں کو پروٹیکشن دے رہی ہیں۔

آوارہ کتوں کی تلفی یا افزائش نسل روکنے یا محدود کرنے کی ذمہ داری بلدیہ عظمٰی کراچی اور سندھ حکومت کی ہے مگر اس سلسلے میں سرکاری طور پر کوئی اقدام سامنے نہیں آ رہا۔