سوشانت کیس: پولیس نے فاؤل پلے خارج از امکان قرار دیدیا

July 27, 2020

لگ بھگ ڈیڑھ ماہ قبل خودکشی کرنے والے بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت کی تحقیقات ممبئی پولیس کررہی ہے، اور اس دوران پولیس نے 30 سے زیادہ افراد سے اس حوالے سے پوچھ گچھ بھی کی ہے، لیکن اب پولیس کو سوشانت سنگھ راجپوت کی ویسرا (جسم کے اندرونی اعضا کی رپورٹ) رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔

ایک بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے ان کی موت میں کسی فاؤل پلے کو خارج از امکان قرار دیدیا ہے۔ اب پولیس انکے معدے صفائی کی اور ناخنوں کے نمونے سے متعلق فارنسک ڈیارٹمنٹ کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔

اس سے قبل پوسٹمارٹم رپورٹ میں سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی وجہ دم گھٹنے اور سانس رکنے کو قرار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب پیر کو فلم ساز مہیش بھٹ نے سانتاکروز پولیس اسٹیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا، اس موقع پر سینیئر فلم ساز کی پاپارازی (پیچھا کرکے فوٹو بنانے والے فوٹو گرافرز) نے تصویر بھی بنائی۔

اداکار اور فلم ڈائریکٹر کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس دھرما پروڈکشنز کے سی ای او کو ممبئی پولیس نے طلب کیا، جبکہ جلد ہی اداکارہ کنگنا رناوٹ بھی اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کرائیں گی، وہ اس سے قبل کہہ چکی ہیں کہ وہ اس تحقیقات میں پولیس سے بھرپور تعاون کرینگی۔

ممبئی پولیس اطلاعات کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کی بے وقت موت کے حوالے سے پیشہ وارانہ رقابت کے زاویے سے بھی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اب تک فلم میکر سنجے لیلا بھنسالی، ادیتیا چوپڑا اور رومی جعفری سمیت سوشانت کے خاندان کے افراد، ان کی گرل فرینڈ ریحا چکرابورتی، سوشانت کے قریبی دوستوں، ان کے منیجر اور باورچی سے بھی پوچھ گچھ کرچکی ہے۔