GCU یونیورسٹی کی حذیفہ کے تعلیمی اخراجات اُٹھانے کی پیشکش

July 31, 2020


لاہور کی معروف یونیورسٹی جی سی یو (GCU) کے وی سی نے شربت کی ریڑھی پر کام کرنے والے حذیفہ کے تعلیمی اخراجات اُٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’ہیلو پاکستان‘ نامی ایک اکاؤنٹ کی جانب سے ایک فوٹو کولاج شیئر کیا گیا ہے، جس میں ایک تصویر شربت کی ریڑھی پر کام کرنے والے حذیفہ کی ہے جبکہ دوسری تصویر لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) کے وی سی اصغر زیدی کے ٹوئٹ کی ہے۔


گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر اصغر زیدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہےکہ ’بہت مبارک ہو حذیفہ، برائے مہربانی کوئی حذیفہ کو مجھ سے رابطہ کرنے کے لیے کہے، ہم اُسے پڑھائی کی فیس اور دیگر اخراجات میں مدد کی پیش کش کرتے ہیں۔ ‘

دوسری جانب ملتان کے معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے بھی حذیفہ کے تعلیمی اخراجات اُٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حذیفہ کی تمام تعلیمی ضروریات پوری کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: معروف صنعتکار نے حذیفہ کے تعلیمی اخراجات اٹھا لیے

واضح رہے کہ پانچویں کلاس سے شربت کی ریڑھی پر کام کرنے والے حذیفہ نے گزشتہ سال میٹرک میں 1100 میں سے 1050 نمبر لیے ہیں۔ حذیفہ اب پری میڈيکل کی تعلیم حاصل کر رہا ہے، اس کے سر پر والد کا سایہ بھی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حذیفہ نے بتادیا علم کا شوق کوئی رکاوٹ نہيں مانتا

حذیفہ نے پانچ سال سےاپنی والدہ اور چار چھوٹے بہن بھائیوں کی کفالت کا بوجھ بھی اٹھایا ہوا ہے۔جیو نیوز نے گزشتہ روز حذیفہ کی ریڑھی پر شربت بیچتے ہوئے رپورٹ نشر کی تھی۔