حنا اور آغا کی ساتھ پہلی عید الاضحیٰ

August 01, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی آغا علی اور حنا الطاف شادی کے بعد پہلی عیدالاضحیٰ ساتھ منا رہے ہیں اور خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آغا اور حنا کی جانب سے سیلفیز اور تصویریں شیئر کیں جس میں حنا نے گجرے، جھمکے اور گلابی لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

اپنے قریبی دوستوں اور آغا علی کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے حنا نے بتایا کہ وہ اور آغا قریبی دوستوں کے ساتھ عید کے موقع پر جمع ہوئے۔

اداکارہ نے بتایا کہ اُن کے دوست احمر سہیل اور اُن کی اہلیہ سحر احمر نے مزے مزے کے کھانے بنائے اور وہ ان کی کھانا پکانے کی مہارت دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس مختصر سی ملاقات میں احمر اور آغا نے انہیں خُوب ہنسایا، جبکہ حنا خود اپنے گجروں کیلئے پرجوش دکھائی دے رہی تھیں۔

اپنی پوسٹ کے ذریعے انہوں نے تمام مداحوں کو عید کی مبارکباد بھی دی۔


ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے حنا نے آغا علی کو عید کی مبارکباد دی اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ ’قسط نمبر ایک، کہانی گھر گھر کی۔‘

دوسری جانب آغا علی نے بھی اہلیہ حنا الطاف کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے عید کی مبارکباد دی اور ایک سیلفی شیئر کی۔