بھارت، ماں اور بیٹا ایک ساتھ میٹرک امتحان میں کامیاب

August 03, 2020

بھارت میں ایک ماں نے اپنے بیٹے کے ساتھ میٹرک کا امتحان پاس کرلیا۔ خاتون نے تعلیم حاصل کرنے کی لگن کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ خاتون بے بی گورو نے اپنے 16 سالہ بیٹے کے ساتھ میٹرک کا امتحان دیا جس میں انہوںنے امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کی۔

خاتون نے میٹرک میں 64.40 فیصد نمبرز حاصل کیے جب کہ ان کے ساتھ امتحان دینے والے بیٹے نے 73.20 فیصد نمبرز لیے۔

امتحان پاس کرنے پر خاتون کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنی اسکول کی تعلیم مکمل نہیں کرپائیں لیکن ان کے شوہر نے امتحان دینے پر زور دیا اور حوصلہ افزائی کی۔

خاتون کے شوہر نے کہا کہ میری اہلیہ اور بیٹے نے ایک ساتھ پڑھائی کی اور اچھے نمبرز حاصل کیے، مجھے ان پر فخرہے۔