مانچسٹر ٹیسٹ کل شروع، پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف دو طرفہ اسپن اٹیک پر غور

August 04, 2020

مانچسٹر ٹیسٹ کل شروع، پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف دو طرفہ اسپن اٹیک پر غور

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان بدھ سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔ مصباح الحق کہتے ہیں کہ طویل عرصے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے سے کھلاڑی نروس ہوسکتے ہیں۔گرم اور خشک موسم، کنڈیشن ہمارے حق میں دکھائی دیتی ہے۔ دو اسپنرز کو کھلانے کا بھی سوچ رہے ہیں۔اگلے دو دن مزید اس حوالے سے دیکھیں گے۔ انگلینڈ اپنے گرائونڈز پر مشکل حریف ہے اسے ہرانا ناممکن نہیں ،البتہ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ میرے اور یونس خان کی ریٹائر منٹ کے بعد18ٹیسٹ میچوں میں اظہر علی اور اسد شفیق نے دو سنچریاں بنائیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان یاسر شاہ کے ساتھ دوسرے لیگ اسپنر شاداب خان کو آل رائونڈر کی حیثیت سے کھلانے پر غور کررہا ہے۔ فواد عالم کو ٹیم میں جگہ ملنا مشکل ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان دو اسپنر کے علاوہ تین فاسٹ بولروں محمد عباس ،نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی اور چھ بیٹسمینوں شان مسعود، عابد علی،اظہر علی، بابر اعظم ، اسد شفیق اور محمد رضوان کو کھلائے گا۔ پیر کو مانچسٹر سے ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے کہا کہ میں نے اور یونس خان نے اظہر علی اور اسد شفیق سے کہا ہے کہ غیر ضروری پریشر نہ لیں ۔ ان کے مقابلے میں بابر اعظم کی کامیابی کی وجہ یہ ہے وہ چیلنج لینا جانتے ہیں ۔ قیادت ملنے کے بعد بابر اعظم مکمل تبدیل ہوگئے ہیں۔ سیریز میں بابر اعظم کی کارکردگی اہم ہوگی امید ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ دونوں ٹیموں کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کی کارکردگی سیریز کی سمت کا تعین کرے گی۔ جو ٹیم پہلی اننگز میں تین سو سے زائد رنز کرتی ہے اس کی جیت کے 70فیصد چانسز ہیں کیوں کہ دونوں کی بولنگ لائن بہت زیادہ مضبوط ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ تیاریوں سے مطمئن ہوں، تین ماہ کے بعد زیرو سے شروع کیا، ایک ماہ سے ہم اکٹھے ہیں ٹیم اچھی شیپ میں ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ کی پچ ویسی ہے جیسی ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں تھی پہلے روز سے اسپنر کو مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کھلاڑی موجودہ صورتحال سے دماغی طور پر تھکے ہوئے یا بور ہوگئے ہیں لمبے عرصے بعد کھیلنے کی نروس نس تو ہے لیکن سب فریش اور میدان میں اترنے کی لئے تیار ہیں۔ بیٹنگ لائن پہلے سے بہتر شکل میں اور پر اعتماد بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا اسکواڈ میچز کی پرفارمنس اور فارم کو بھی دیکھیں گے سہیل خان اچھی بولنگ کر رہا ہے لیکن کنڈیشنز کو دیکھ کر کمبی نیشن بنانا ہے۔ نوجوان بولرز کے لیے بڑا موقع ہے، انگلینڈ کے مقابلے میں ہمارے بولرز اتنے تجربہ کار نہیں لیکن ان کے پاس پرفارم کرنے کا موقع موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم بھائی کا بولرز کے ساتھ ہمیشہ رابطہ رہا ہے۔ منگل کو سولہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔ کووڈ 19 اور کن کشن کے معاملات کو بھی زہن میں رکھنا پڑتا ہے۔