ملک بھرمیں یوم شہداء پولیس منایا گیا، تقریبات کا انعقاد

August 05, 2020

ملک بھرمیںیوم شہداء پولیس منایا گیا، تقریبات کا انعقاد

لاہور/کراچی(ایجنسیاں/اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس منایا گیا‘ اس دن کی مناسبت سے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل افتخار بابر نے پولیس کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی انجام دہی میں مدد کی ہر پکار پر پولیس سب سے پہلے پہنچتی ہے۔وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے، قیام امن اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے ان بیٹوں پر ہمیں فخر ہے‘جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف برسرپیکار ان بہادروں کو ہمارا سلام ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پولیس کے شہداء کو ان کی جرات و بہادری پر سلام و عقیدت پیش کرتے ہیں، قوم ان کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کے یوم شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پورے ملک میں امن و امان قائم کرنے میں پولیس کی بڑی قربانیاں ہیں‘سندھ پولیس کے 2100 جوانوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے صوبے میں امن بحال کیا۔