کشمیر کاز کی ریلی پر ’را‘ کے ایجنٹوں نے حملہ کیا، حافظ نعیم

August 05, 2020

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کشمیر کاز کےلیے نکالی گئی ریلی پر ’را‘ کے ایجنٹوں نے حملہ کیا ہے۔

کراچی میں جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت 39 افراد زخمی ہوئے۔

بھارتی استحصال کے خلاف اور کشمیریوں سےا ظہار یکجہتی کےلیے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی میں بھی ریلی نکالی گئی۔

ریلی بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اسی دوران نامعلوم ملزمان ریلی پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق دھماکے کے باعث ریلی میں شریک بزرگوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوئے جنہیں شہر کے بڑے سرکاری و نجی اسپتالوں میں طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

واقعے کے عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ دستی بم حملہ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے کیا۔

دھماکے کے باوجود امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ریلی جاری رکھنےنے کا اعلان کیا، ایکسپو سینٹر پہنچ کر ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔

بعد میں میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بھارتی بربریت کیخلاف اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی پر حملہ بھارتی ایجنٹوں کی کارستانی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق بم روسی ساختہ تھا۔