لاہور، تاجر برادری کا کاروبار کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم

August 07, 2020

لاہور کی تاجر برادری نے وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے 10اگست تک کاروبار کھولنے کےفیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دنیا کو پیغام ملے گا کہ پاکستان کورونا پر قابو پانے کے قریب ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، آل پاکستان انجمن تاجران کے نعیم اور خالد پرویز نے کہا کہ دس اگست سے ریسٹورنٹس، سیاحت اور دیگر شعبے کھولنے کا اعلان خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کھلنے سے تاجروں کے نقصان کی تلافی ہوگی۔

واضح رہے کہ قومی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ، کیفیز، تھیٹر اور سینما ہالز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتایا کہ شادی ہالز اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے جبکہ مزارات، بزنس سینٹرز اور ایکسپو سینٹرز بھی 10 اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔