• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں ریسٹورنٹ، تھیٹر، سنیما 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ



قومی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ، کیفیز، تھیٹر اور سینما ہالز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتایا کہ شادی ہالز اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے، مزارات، بزنس سینٹرز اور  ایکسپو سینٹرز بھی 10 اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے 15ستمبر سے کھولے جائیں گے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو صورتحال دیکھ کر ہوگا۔

اسدعمر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال دیکھ کر فیصلے کرتے رہے ہیں، سیاحتی مقامات پر ہوٹلز کو 8 اگست کو کھول دیاجائے گا، جبکہ پبلک پوائنٹس، سنیماز اور تھیٹرز کو پیر 10 اگست سے کھول دیاجائےگا۔

اسد عمر نے کہا کہ تماشائیوں کے بغیر کھیل کی اجازت ہوگی، 10 اگست سے جمز کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 15ستمبر تک میرج ہالز کھولے جاسکتے ہیں، بیوٹی پارلرز، ایکسپو سینٹرز، مزارات کو بھی کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزارات میں بڑےاجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا اور انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی، جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دی جارہی ہے، ٹرین اور جہاز میں مسافروں سے متعلق پابندیاں ستمبر تک جاری رہیں گی او یکم اکتوبر سے جہاز میں مسافر نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ عوام کے تعاون سے صورتحال قابو میں آئی ہے، عوام کے رویوں میں تبدیلی نظر آئی تو یہی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے، محرم الحرام سے متعلق علمائے کرام کے ساتھ ایس او پیز بنائی جاچکی ہیں۔

تازہ ترین