مہنگا آٹا بیچنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، علیم خان

August 07, 2020

ملتان/بہاول پور (سٹاف رپورٹر/ڈسٹرکٹ رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت کی گندم پر سبسڈی عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہے۔ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ حکومتی سبسڈی سے گندم حاصل کرکے آٹے کی غیر قانونی بین الصوبائی ترسیل کرنے والی ملوں کا کوٹہ ختم کیا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے کمشنر آفس بہاول پور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں کمشنر بہاول پور آصف اقبال، صوبائی سیکرٹری خوراک اسد الرحمن، ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خان سیال، ڈائریکٹر فوڈ سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب پیرزادہ، ترجمان حکومت پنجاب سمیرا ملک، محکمہ فوڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ آٹے کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کردار ادا کریں۔ ہر کریانہ کی دکان اور ڈیپارٹمنٹل سٹور پر آٹے کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے افسران موثر انداز میں مانیٹرنگ کریں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔