پنجاب کے ایک وزیر، 2 حکومتی ارکان اسمبلی نیب طلب

August 08, 2020

پنجاب کے ایک وزیر، 2 حکومتی ارکان اسمبلی نیب طلب

لاہور (نمائندہ جنگ) قومی احتسا ب بیورو (نیب) لاہور نے مبینہ کرپشن کے الزامات پر تحریک انصاف کے ایک صوبائی وزیر،ایک ایم این اے اور ایک ایم پی اے کو طلب کرلیاہے۔

ان میں وزیر محنت پنجاب انصرمجید ایم این اے کرامت کھراور ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ شامل ہیں جبکہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر وائٹ کالر کرائم کی تفتیش کے لئے نیب اسپیشل سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جو تجربہ کارتفتیشی افسران،بینکرز،چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس،انکم ٹیکس افسران پرمشتمل ہوگا ان ارکان اسمبلی کو نیب کے تفتیشی افسران کے روبرو پیش ہوکر اپنی صفائی دینے کے لئے بلایا گیا ہے۔

ان ارکان اسمبلی کو نیب کی طرف سے کال اپ نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے سرگودھا سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی اورصوبائی وزیر محنت انصر مجید خان کو 19 اگست کو دوپہر تین بجے طلب کیا ہے۔

انصر مجید خان پر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسوٹی ٹیوشن میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر میں مبینہ کرپشن اوربے ضابطگیوں کاالزام ہے ۔