آٹے کی قلت اور مہنگا ہونا لمحہ فکریہ ہے، آفتاب شیرپاؤ

August 08, 2020

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ کا کہنا ہے کہ ملک میں معیشت کورونا سے نہیں، پہلےسے ہی خراب تھی، جبکہ ملک میں آٹےکی قلت اور مہنگا ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث چینی 104روپے میں فروخت ہورہی ہے، موجودہ حکومت اپنی نااہلی پچھلی حکومتوں پر ڈال رہی ہے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ بجلی مہنگی کردی، نواحی علاقوں میں لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس نہ این آر او کا اختیار ہے اور نہ حیثیت، قومی اتفاق رائے سے دوبارہ الیکشن تک مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ثابت ہوگیا حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں آئی تب ہی اسے عوام کی فکر نہیں ہے، جبکہ حکومت کی نااہلی سے او آئی سی کا اجلاس نہیں بلایا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے، جب تک دوبارہ انتخابات نہیں ہوتے حالات صحیح نہیں ہوسکتے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ بجلی کے خالص منافع میں وفاق کے ذمہ 100 ارب سے زیادہ بقایا جات ہیں۔