پنجاب میں سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ایس او پیز تیار

August 08, 2020

پنجاب حکومت نے صوبے میں سیاحتی سر گرمیاں بحال کرنے سے متعلق ایس او پیز تیار کرلی ہیں، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے سیاحتی مقامات کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

سیکرٹری ہیلتھ کیئر محمد عثمان کا کہنا ہے کہ پارکس، میوزیم اور دیگر سیاحتی مقامات پر سینیٹائزیشن کا خیال رکھا جائے، جبکہ سیاحتی مقامات پر کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کریں۔

محمد عثمان نے کہا کہ زیادہ رش والے مقامات پر لوگ ماسک لازمی پہنیں گے، جبکہ سماجی فاصلے کو قائم رکھنے کے لیے آن لائن ٹکٹ اور بکنگ کو یقینی بنایا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ سیر و سیاحت کے لیے رات کی نسبت دن کو ترجیح دی جائے، کسی بھی سیرگاہ پر 60 فیصد لوگوں کو داخل ہونےکی اجازت دی جائےگی۔

محمدعثمان نے کہا کہ چھوٹے بچے، بزرگ اور حاملہ خواتین گھر پر رہیں، بخار، کھانسی یا گلہ خراب ہونےکی صورت میں فوراً 1033پر رابطہ کریں۔