ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل کے خلاف پی بی اے کا پیمرا حکام کو باضابطہ شکایتی خط

August 08, 2020

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگو لیٹری اتھارٹی (پیمرا) حکام کو ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل کے خلاف باضابطہ شکایتی خط لکھا دیا۔

اس خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بدنامِ زمانہ جعلی ڈگری اسکینڈل میں ملوث کمپنی ایگزیکٹ کا ٹی وی چینل اپنے مذموم مقاصد کے لیے اعلیٰ شہرت کی حامل ایڈورٹائزنگ ایجنسیز اور اُن سے منسلک قابلِ احترام پروفیشنلز کے خلاف غیراخلاقی، بے بنیاد، تکلیف دہ اور جھوٹ پر مبنی الزامات لگا رہا ہے اور اُن کے خلاف مہم چلا رہا۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایگزیکٹ کے چینل کا یہ عمل پیمرا آرڈیننس 2002، الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 اور پیمرا کانٹینٹ ریگولیشنز 2012 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

پی بی اے نے مطالبہ کیا کہ اس بنیاد پر چینل کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور چینل کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس سے پہلے 21 مارچ 2020 کو بھی پی بی اے کی جانب سے پیمرا کو خط لکھا گیا تھا جس میں ایگزیکٹ کے چینل کی جانب سے جھوٹی، غیر قانونی، گمراہ کُن اور غیر منصفانہ حرکات کے بارے میں اتھارٹی کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن اب تک اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔