پشاور(نامہ نگار) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ انڈین مواد چلانے کیخلاف پیمرا کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، پیمرا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائیگی۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز پیمرا کے ذیلی دفتر پشاور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کی جبکہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آپریشن پیمرا محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل ایچ آرسہیل آصف اورریجنل جنرل منیجر(نارتھ)خیبرپختونخوا امجدعلی آفریدی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پیمرا پشاور کی کارکردگی اورلائحہ عمل کے حوالے سے ریجنل جنرل منیجر راحت علی نے چیئرمین پیمرا کو تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین پیمرانے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انڈین مواد چلانے کیخلاف پیمرا کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، پیمرا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ انڈین مواد اور فحش مواد نشر کرنے کے حوالے سے شکایات پر فی الفور ایکشن لیا جائے۔ چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے تمام کیبل آپریٹرز کو(COVID-19) سے متعلقہ مفادعامہ کے پیغامات کو باقاعدگی سے چلانے کی بھی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی چینلز پر فحش مواد چلانا قانونی اور اخلاقی جرم ہے جس سے اجتناب کیا جائے، فحش مواد چلانے والوں کیخلاف پیمرا کے قواعد و ضوابط کے تحت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔چیئرمین کوبریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیاگیاکہ ریجنل آفس خیبر پختونخوا ریجن کی انفورسمنٹ ٹیم نے ضلع پشاور، چترال، دیر، سوات، ہزارہ، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک اور بنوں کے کیبل آپریٹرز پر چھاپوں کے دوران مختلف کیبل آپریٹرز کو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی اور انڈین مواد نشر کرنے پر پیمرا ٹیم نے غیر قانونی چینلز کے لئے استعمال ہونے والے آلات قبضے میں لے لئے جس پرچیئرمین نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائیوں کیلئے ٹیمیں الرٹ رکھی جائیں۔